بنگلورو:8؍مارچ (ایس اؤ نیوز)بیلگام اور یادگیری ضلع کے دو الگ الگ مقامات پر بہت بڑی مقدار میں دھماکہ خیز اشیا ء کو ضبط کرنے کی اطلاع موصول ہوئی ہے۔ ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق بیلگام ضلع کے ہونگا میں 6675کلو گرام اور یادگیری ضلع کے کیمباوی میں 750کلو گرام دھماکہ خیز اشیاء ضبط کرلیا گیا ہے۔
بتایا گیا ہے کہ بیلگام تعلقہ کے ہونگا دیہات کے قریب غیرقانونی طورپر سپلائی کئے جارہے 4لاکھ روپئے مالیت کے 6675کلوگرام دھماکہ خیز اشیاء کو کاکتی تھانہ پولس نے اپنی تحویل میں لیا ہے۔ معاملے کو لےکر چکوڑی ، بوبلواڑا کے رمیش رائیپا لکوٹی ، راجو ایشور شرگانوی ، ارون شری شئیل مٹھ کو گرفتارکیاگیا ہے۔ ڈی سی پی وکرم امٹی نے بتایا کہ معاملے میں مالک کو گرفتارکرنا باقی ہے۔
ایک دوسرے معاملے میں یادگیری ضلع کےکیمباوی کے الال نامی دیہات میں پتھر کان کنی کے لئے استعمال کئےجانے والی 750کلوگرام دھماکہ خیز اشیاء کو کلبرگی ۔ یادگیری اندرونی تحفظ شعبہ (آئی ایس ڈی ) پولس نےچھاپہ مار کر ضبط کرلیا ہے۔ پتھر کان کنی کےمالک شانت گوڈا نڈہلی، ڈرائیور مولا علی اور دھماکہ خیز اشیاء سپلائی کرنے والے روی برادر کو پولس نے گرفتار کرلیا ہے۔ کیمباوی پولس تھانے میں کیس درج کیاگیا ہے۔